تحقیقات کے لیے سات نہیں ایک ہی ہفتہ درکار ہے: عمران خان

عمران خان مبینہ دھاندلیوں کے خلاف اگست سے اسلام آباد میں احتجاج کر رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنعمران خان مبینہ دھاندلیوں کے خلاف اگست سے اسلام آباد میں احتجاج کر رہے ہیں
    • مصنف, عدیل اکرم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت اگر چاہے تو اِنتخابات میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے چھ سات ہفتے نہیں بلکہ ایک ہفتہ ہی درکار ہے۔

سنیچر کو لاہور میں تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ووٹوں کی تصدیق کے لیے فارم 14 اور 15 کو آڈٹ کرلیا جائے اور الیکشن کمیشن نے عام اِنتخابات سے چند دن قبل جو اضافی بیلٹ پیپر چھپوائے تھے اور اُن کا بتایا جائے کہ وہ کہاں کہاں بھیجے گئے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اگر میاں نواز شریف مذاکرات کے لیے سنجیدہ ہیں تو صرف 48 گھنٹے میں مذاکرات کامیاب ہو سکتے ہیں کیونکہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان بیشتر معاملات پہلے ہی طے پائے جا چکے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ مذاکرات کا سلسلہ وہیں سے شروع کیا جائے جہاں پر منقطع ہوا تھا۔

عمران خان نے کہا کہ’اُُن کی جماعت صرف انتخابی دھاندلی کا احتساب چاہتی ہے کیونکہ اگر احتساب ہو گا تو سب کچھ منظر پر آ جائے گا کہ عام اِنتخابات میں دھندلی کے پیچھے کون تھا اور نگراں حکومت نے کتنے پنکچر لگائے۔‘

تحریک انصاف اب مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنتحریک انصاف اب مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کر رہی ہے

انھوں نے کہا کہ اگر حکومت یہ سمجھتی ہے کہ اُن کے دھرنے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے تو وہ اُن سے مذاکرات کریں تا کہ ملک کو مزید نقصان نہ ہو۔ لیکن اگر میاں نواز شریف مذاکرات کے لیے سنجیدہ نہیں تو اُن کے لیے حکومت چلانا مشکل ہو جائے گا کیونکہ لاہور کے بعد اُن کی جماعت پورا ملک بند کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ جب اُن کی جماعت حکومت میں آئے گی تو سنیچر کی چھٹی بھی ختم کر دے گی۔ عمران خان نے کہا کہ اُن کے دھرنے کی وجہ سے پیڑولیم اور بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

عمران خان نے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ کو فیصل آباد میں ہونے والے پرتشدد واقعات کو ذمہ دار ٹھہرایا۔

انھوں نے رانا ثنا اللہ اور اُن کے ساتھیوں پر الزام عائد کیا کہ اُنہوں نے فیصل آباد میں ہونے والے پر امن احتجاج پر پہلے پتھراؤ کروایا اور اُس کے بعد گولیاں چلوائیں۔

اِس موقع پر تحریک انصاف کے سربراہ نے 15 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے احتجاج کے لیے تاجروں سے شڑ ڈاؤن کی اپیل کی۔