عمران خان کا 18 جنوری کو پھر ڈی چوک جانے کا اعلان

عمران خان 18 جنوری کو دوبارہ ڈی چوک جائیں گے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنعمران خان 18 جنوری کو دوبارہ ڈی چوک جائیں گے

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے 18 جنوری تک جوڈیشل کمیشن قائم نہ ہونے کی صورت میں سڑکوں پر نکلنے کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 18 جنوری کو وہ اپنی جماعت کے ہلاک ہونے والے کارکنان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ڈی چوک پر اکھٹے ہوں گے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے بتایا کہ ’ 18 کو میں اعلان کروں گا اور مجھے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمیں سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔‘

انھوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف خاموش رہے گی تاہم ان کی جماعت نے جتنی لچک دکھانی تھی دکھا دی ہے۔

انھوں نے واضح کیا کہ 2013 کے انتخابات کی تحقیقات ہونے تک وہ قومی اسمبلی میں واپس نہیں جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے قومی اسملبی کے حلقہ این اے 122 میں تحقیقاتی نتائج غلط بتائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حلقہ این اے 122 میں 30 ہزار سے زائد بوگس ووٹ تھے جبکہ 100 پولنگ سٹیشنز ایسے تھے جن میں فارم 14 اور 15 موجود نہیں تھے۔

’25 پولنگ سٹیشنز میں مختلف رنگوں اور سائز کے بیلٹ پیپرز ملے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ حلقہ این اے 154 میں 49 ہزار بوگس ووٹ نکلے اور 67 پولنگ سٹیشنز میں ووٹر لسٹ ہی نہیں تھی۔

’نادرا کی رپورٹ کے مطابق 20601 جعلی شناختی کارڈ نمبرز سامنے آئے۔‘

کہ حکومت نے قومی اسمبلی کے حلاقہ این اے 122 کی تحقیقات کے نتائج علط بتائے ہیں۔

یاد رہے کہ 2013 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا پتہ لگانے کے لیے پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکرات پر تاحال کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہو سکی۔

پشاور سانحے کے بعد عمران خان نے چار ماہ سے زائد عرصے سے جاری دھرنے کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔