لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے پاکستانی فوجی ہلاک

پاکستان اس معاملے پر بھارت سے سفارتی سطح پر احتجاج بھی کر چکا ہے

،تصویر کا ذریعہAbid Bhat

،تصویر کا کیپشنپاکستان اس معاملے پر بھارت سے سفارتی سطح پر احتجاج بھی کر چکا ہے

پاکستانی فوج کا کہنا ہے کہ کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔

یہ بات فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جمعرات کی شب جاری ہونے والے ایک بیان میں کہی گئی ہے۔

بیان کے مطابق بھارتی فوج نے جمعرات کی شام ایل او سی پر پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد کے قریب میں پانڈو سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اس فائرنگ سے ایک پاکستانی فوجی مارا گیا جبکہ پاکستانی فوج نے بھی بھارتی فائرنگ کا بھر پور جواب دیا۔

رواں ماہ پانڈو سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل آٹھ نومبر کو بھی ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر حالیہ کشیدگی خاصے عرصے سے جاری ہے۔

ہلاک ہونے والے افراد میں عام شہری بھی شامل ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنہلاک ہونے والے افراد میں عام شہری بھی شامل ہیں

اس دوران دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان فائرنگ کے مختلف واقعات میں دونوں جانب سے اب تک کم از کم 19 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔

پاکستان اس معاملے پر بھارت سے سفارتی سطح پر احتجاج بھی کر چکا ہے۔

خیال رہے کہ حال ہی میں اپنے دورۂ امریکہ کے دوران پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا تھا کہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی کارروائیوں کی وجہ سے پاکستان کے لیے افغان سرحدی علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں مشکلات درپیش ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کا معاہدہ 2003 میں ہوا تھا۔

تاہم گذشتہ برس کے اواخر سے فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر اس معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔

اس معاہدے کی خلاف ورزی کے باعث پاکستان اور بھارت کے فوجیوں کے ساتھ ساتھ سرحد پر عام آبادی بھی نشانہ بنی ہے۔