خضدار اور پنجگور میں بم حملے، ایک شخص ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں کے ضلع خضدار میں دستی بم کے حملے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
یہ دھماکہ اتوار کے روز خضدار شہر میں ہوا۔
خضدار پولیس کے ایک اہلکار نے بی بی سی اردو کے محمد کاظم کو بتایا کہ نامعلوم افراد نے ارباب کمپلیکس کے علاقے میں ایک دستی بم پھینکا۔
اہلکار کے مطابق اس بم کے پھٹنے سے ایک شخص ہلاک اور 13 زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دھماکے سے متعدد گاڑیوں اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا۔
اس بم حملے کے محرکات تاحال معلوم نہیں ہوسکے۔
خضدار کوئٹہ سے جنوب مغرب میں 400 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہاں گذشتہ کچھ عرصے میں شدت پسندی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
رواں برس جولائی میں یہاں زائرین کی بس کو دھماکےمیں نشانہ بنایا گیا تھا اور اس واقعے میں سات افراد زخمی ہوئے تھے۔
ادھر ایران سے متصل پنجگور کے علاقے میں فرنٹیئر ورکس آرگنائیزیشن کی ایک گاڑی پر بم حملہ ہوا ہے۔
پنجگور میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے گوارگو کے علاقے میں سڑک کنارے بم نصب کیا تھا۔
دھماکہ اس وقت ہوا جب ایف ڈبلیو او کی ایک گاڑی وہاں سے گزر رہی تھی تاہم اہلکار کے مطابق دھماکے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔







