دہشتگردوں کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دیں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ہارون رشید
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
پاکستان فوج کی اعلیٰ ترین قیادت نے اپنے اس عزم کو دہرایا ہے کہ دہشت گردوں کو ملک کے قبائلی علاقوں یا کسی بھی دوسرے حصے میں دوبارہ اکٹھا ہونے یا منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کی صدارت میں آج راولپنڈی میں جنرل ہیڈکواٹرز میں کور کمانڈروں کے معمول کے ماہانہ اجلاس میں شمالی وزیرستان میں جاری ضربِ عضب اور خیبر ون نامی کارروائیوں میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔
فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شرکا کو ملک میں سکیورٹی کی عمومی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انھیں خصوصی طور پر فوجی کارروائیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق کور کمانڈروں نے ان فوجی کارروائیوں کو دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا: ’ان دہشت گردوں کو ان علاقوں میں دوبارہ منظم ہونے یا اکٹھا ہونے نہیں دیا جائے گا اور نہ ہی انھیں ملک میں کوئی جگہ دی جائے گی۔‘
یہ اجلاس ایک ایسے وقت ہوا ہے جب حکومت پاکستان کے بقول شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی کے علاوہ جنوبی وزیرستان میں بھی فوجی کارروائی ابھی باضابطہ طور پر ختم نہیں ہوئی ہے۔
فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نےشدت پسندوں کے خلاف جاری کارروائیوں میں اب تک ہونے والی پیش رفت اور کامیابیوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے ان کارروائیوں کے دوران فوجیوں کی بہادری اور قربانیوں پر انھیں داد تحسین سے نوازا۔
آرمی چیف نے تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہدایت کی کہ قبائلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لاکھوں افراد کی اپنے علاقوں کو واپسی تک ان کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
جنرل راحیل نے کور کمانڈروں کو اپنے حالیہ دورہ کابل سے متعلق بھی آگاہ کیا ہے۔ انھوں نے اس دورے کے دوران افغان صدر اشرف غنی کے علاوہ دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری رہنماؤں سے ملاقاتیں کی تھیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
توقع ہے کہ افغان صدر بھی رواں ہفتے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
خیال ہے کہ آرمی چیف 16 نومبر کو امریکہ کا دورہ بھی کریں گے۔ پاکستانی فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد یہ ان کا پہلا دورۂ امریکہ ہوگا۔ اسے پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں بھی خاصا اہم سمجھا جا رہا ہے۔







