جنرل راحیل میر علی پہنچ گئے

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرکے چھوڑیں گے

،تصویر کا ذریعہISPR

،تصویر کا کیپشنآرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرکے چھوڑیں گے

پاکستان بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی دستوں کے ہمراہ یوم دفاع منانے کے لیے پہنچ گئے ہیں۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے مطابق ہفتے کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی پہنچے۔

ان کے مطابق جنرل راحیل شریف دن شمالی وزیرستان میں فوجی دستوں کے ہمراہ گزاریں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کو دہشت گردوں سے پاک کرکے چھوڑیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضربِ عضب میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔

یاد رہے کہ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو گزشتہ ہفتے دہشت گردوں سے کلیئر کیا گیا تھا۔

اس قبل یوم دفاع کے موقعے پر صدر مملکت ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں ملکی دفاع کی خاطر ڈٹ جانے والے فوجیوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اندرونی وبیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔