’اگر نواز شریف اثاثے ظاہر کر دیں تو دھرنا ختم کر دیں گے‘

،تصویر کا ذریعہAFP
پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ اپنے اثاثہ جات کی مکمل تفصیلات ظاہر کر دیں تو وہ احتجاجی دھرنا ختم کر دیں گے۔
بدھ کی شب اسلام آباد میں شاہراہِ دستور پر اپنے دھرنے کے شرکا سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ وہ قادری صاحب کے جانے پر اداس ہیں تاہم انھوں نے یہ بھی وضاحت کی کہ’ہمارے اور قادری صاحب کے مقاصد مختلف تھے، وہ معصوم لوگوں کی ہلاکت پر انصاف چاہتے تھے اور ہماری جنگ دھاندلی کے خلاف تھی۔‘
عمران خان بار بار یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ ’نواز شریف کا استعفیٰ‘ لیے بغیر پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سے دھرنا ختم نہیں کریں گے۔تاہم بدھ کی شب ہی انھوں وزیراعظم کو مخاطب کر کے کہا کہ ’میں آپ کو دوبارہ پیشکش کرتا ہوں نواز شریف اگر آپ دیانتداری سے اپنے اثاثے ظاہر کر دیں تو میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دوں گا۔‘
واضح رہے کہ عمران خان وزیرِ اعظم نواز شریف کو یہ پیشکش پہلے بھی کر چکے ہیں لیکن ان کی حکومت کی طرف اس حوالے سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب انقلاب کے بغیر اسلام آباد سے واپس لوٹنے والے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کا دعویٰ ہے کہ وہ بغیر کسی ڈیل کے گئے۔
انھوں نے تسلیم کیا ہے کہ وہ نظام کو لپیٹنے کے جس نعرے کو لے کر نکلے تھے وہ اسے حاصل نہیں کر سکے مگر ان کایہ بھی خیال ہے کہ دھرنے سے عوامی سوچ میں تبدیلی آئی ہے۔
یاد رہے کہ طاہر القادری نے اسلام آباد میں دو ماہ سے زیادہ عرصے سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ’احتجاجی دھرنوں کا دائرہ‘ ملک بھر میں پھیلانے کا اعلان کیا تھا۔
منگل کی شام پارلیمان کے سامنے انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ دھرنا انقلاب کے سفر میں تبدیل ہوگیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







