بگٹی کیس: ’مشرف جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے‘

پیر کو جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے ایک مرتبہ پھر میڈیکل گراؤنڈ پرآج کی پیشی سے پرویز مشرف کو استثنیٰ دینے کی درخواست کی
،تصویر کا کیپشنپیر کو جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے ایک مرتبہ پھر میڈیکل گراؤنڈ پرآج کی پیشی سے پرویز مشرف کو استثنیٰ دینے کی درخواست کی
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے پاکستان کے سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ ) پرویز مشرف اور دیگر ملزمان کے خلاف بلوچ رہنمانواب اکبر خان بگٹی کے مقدمہ قتل کی سماعت دس نومبر تک ملتوی کی ہے۔

سماعت کے بعد نواب بگٹی کے صاحبزادے نوابزادہ جمیل اکبر بگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت ایڈووکیٹ نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت عزیز ، اویس احمد غنی اور صمد لاسی بھی عدا لت میں نہ خود پیش ہو رہے ہیں اور نہ ہی کوئی وکیل ان کی جانب سے پیش ہورہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ انھوں نے عدالت سے استد عا کی ہے کہ شوکت عزیز، اویس احمد غنی اور صمد لاسی کو عدالت سے جان بوجھ کر غیر حاضر رہنے کے دفعات کے تحت سزا سنائی جائے۔

یہ مقدمہ پرویز مشرف کے علاوہ سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد شیر پاؤ، سابق گورنر بلوچستان اویس احمد غنی، سابق صوبائی وزیر داخلہ شعیب احمد نوشیر وانی اورسابق ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی صمد لاسی کے خلاف دائر ہے۔

اس مقدمے میں آفتاب شیر پاؤ اور شعیب نوشیروانی ضمانت پر ہیں لیکن پرویز مشرف سمیت باقی ملزمان مقدمے کی سماعت سے لے کر تاحال کسی بھی پیشی پر پیش نہیں ہوئے۔

پیر کو جسٹس نذیر احمد لانگو پر مشتمل انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پرویز مشرف کے وکیل نے ایک مرتبہ پھر میڈیکل گراؤنڈ پرآج کی پیشی سے پرویز مشرف کو استثنیٰ دینے کی درخواست کی۔

پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ایک سات رکنی ٹیم نے پرویز مشرف کو 7 یوم کے لیے بیڈ ریسٹ کا مشورہ دیا ہے۔

عدالت نے آج کی پیشی سے پرویز مشرف کی استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ان کو پیش ہونے کا حکم دیا۔