کوئٹہ میں مساجد کے باہر فائرنگ، دو ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مساجد کے باہر فائرنگ کے واقعات میں کم از کم دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
یہ دونوں واقعات پیر کی شب شہر کے گوالمنڈی پولیس سٹیشن کی حدود میں پندرہ سے بیس منٹ کے دوران پیش آئے۔
گوالمنڈی پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملتانی محلے میں آئے اور وہاں ایک مسجد کے باہر موجود لوگوں پر فائرنگ کی۔
اہلکار نے بتایا کہ اس واقعہ کے پندرہ سے بیس منٹ بعد نامعلوم افراد نے الف دین روڈ پر واقع ایک اور مسجد کے باہر موجود افراد کو بھی نشانہ بنایا۔
دونوں واقعات کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ دونوں مساجد کے باہر جن لوگوں کو نشانہ بنایا گیا وہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے میں مصروف تھے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص ایک امام مسجد کا بھائی ہے جبکہ زخمیوں میں ایک امام مسجد بھی شامل ہے۔
زخمیوں کو علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور پولیس اہلکار کے مطابق دونوں واقعات کا محرک فرقہ وارانہ ہو سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے دونوں واقعات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مساجد کو نشانہ بنانا ایک گہری سازش ہے۔







