دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری کے ساتھ ہیں: پاکستان

،تصویر کا ذریعہReuters
پاکستان کے سیکریٹری خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کی حمایت جاری رکھے گا۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے نیویارک میں اقومِ متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقعے پر انسدادِ عالمی دہشت گردی فورم کے پانچویں وزارتی جلاس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اغوا برائے تاوان اور غیر ملکی ’دہشت گرد جنگجوؤں‘ کے خلاف کوششوں میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان فورم کے پرتشدد شدت پسندی، جرائم کے خلاف انصاف اور قانونی کی بالادستی کے سلسلے میں کام کی حمایت کرتا ہے۔
انھوں نے ’دہشت گردی‘ سے نمٹنے میں پاکستان کی کوششوں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں پاکستان کے لوگوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ’بے شمار‘ قربانیاں دی ہیں۔
پاکستانی وزیرِ خارجہ نے ’دہشت گردی‘ سے نمٹنے کے لیے شدت پسند مکالمے کا جواب منطقی اور نرم انداز میں دینے، نوجوانوں کے لیے معاشی مواقع پیدا کرنےT اور عرصے سے جاری کشیدگیوں کی وجہ سے سیاسی خدشات اور ان کی وجوہات ختم کرنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی اختیار کرنے پر زور دیا۔
علاوہ ازیں سرکاری ریڈیو کے مطابق وزیراعظم نواز شریف جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ توقع ہے کہ وہ اپنے خطاب میں ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون پر مبنی تعلقات کے فروغ پر زور دیں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ میں مسئلۂ کشمیر اور بھارت اور افغانستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات پر بھی بات کریں گے۔
وزیراعظم نواز شریف نیویارک میں امریکہ کے نائب صدر جو بائڈن، جاپانی وزیراعظم شینزو آبے اور دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ مشترکہ طور پر اقوام متحدہ کے قیام امن سے متعلق سربراہ اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقعے پر وزیراعظم مختلف عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔







