کوئٹہ میں فائرنگ سے دو صحافیوں سمیت تین ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو صحافیوں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں ہلاک ہونے والے تین افراد میں دو صحافی اور ایک اکاؤنٹینٹ تھا۔
صحافیوں پر یہ حملہ جناح روڈ پر واقع کبیر بلڈنگ میں کیا گیا۔
اس عمارت میں اخبارات اور خبر رساں اداروں کے دفاتر کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم مسلح افراد آئے اور خبر رساں ادارے آن لائن کے دفتر کے اندر داخل ہو کر فائرنگ کی۔
جس وقت دفتر پر حملہ کیا گیا اس وقت وہاں آن لائن کوئٹہ کے بیورو چیف اور بلوچستان میں صحافیوں کی تنظیم کے جنرل سیکریٹری ارشاد مکتوئی، ٹیرینی رپورٹر عبدالرسول اور اکاؤنٹینٹ محمد یونس موجود تھے۔
فائرنگ کے نتیجے میں تینوں افراد شدید زخمی ہوئے اور بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
اس وقت مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ میں موجود ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ڈاکٹرز کے مطابق انھیں سر اور سینے پر گولیاں ماری گئیں ہیں۔
نامہ نگار کے مطابق اس واقعے کے خلاف سول ہسپتال کے باہر جناح روڈ پر دھرنا دے کر اپنا احتجاج کیا۔







