کوئٹہ میں عید کی شاپنگ کے موقع پر دھماکہ، 11 افراد زخمی

نامعلوم افراد نے یہاں جوتوں کی ایک دکان کے سامنے سیوریج لائن کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشننامعلوم افراد نے یہاں جوتوں کی ایک دکان کے سامنے سیوریج لائن کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں بم کے ایک دھماکے میں کم از کم 11 افراد زخمی ہوگئے۔

یہ دھماکہ کوئٹہ شہر کے وسطی علاقے قندھاری بازار میں ہوا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے یہاں جوتوں کی ایک دکان کے سامنے سیوریج لائن کے ساتھ دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔

دھماکہ خیز مواد اس وقت پھٹا جب اس علاقے میں عید کی خریداری کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔

دھماکے کی وجہ سے زخمی ہونے والے افراد کو علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن امیتاز گورایا نے بتایا کہ دھماکہ ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیاگیا جس کے لیئ ایک پاؤنڈ دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔

ادھر کوئٹہ کے قریب کچلاک کے علاقے سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش بر آمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق لاش کی شناخت ہوگئی ہے ۔ ہلاک کیے جانے والے شخص کو نامعلوم مسلح افراد نے 25جولائی کو ان کے گھر سے اٹھا لیا تھا۔

ہلاک کرنے کے بعد اس کی لاش کو کچلاک کے علاقے خروٹ آباد میں پھینک دیا گیا تھا۔