مستونگ: حملے میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے دو اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
یہ واقعہ منگل کو علی الصبح مستونگ کے علاقے سپلنجی کے علاقے میں پیش آیا۔
مستونگ میں لیویز فورس کے مطابق سپلنجی میں بلوچستان کانسٹیبلری کی ایک چیک پوسٹ پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دو اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہو گئے۔
زخمی اہلکاروں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں سکیورٹی اہلکاروں پر یہ چوتھا حملہ ہے۔
مستونگ کے اس علاقے میں پہلے بھی سکیورٹی اہلکاروں پر حملے ہو چکے ہیں اور ان حملوں کی ذمہ داری بلوچ عسکریت پسند قبول کرتے رہے ہیں۔ گذشتہ ماہ ضلع کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں نامعلوم افراد کے حملے میں پانچ پولیس اہلکار جبکہ لورالائی کے علاقے دکی میں ایف سی کے پانچ اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔



