بلوچستان: تشدد کے واقعات میں چھ افراد ہلاک

اتوار کی صبح کچلاک ہی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار ہلاک ہوا

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشناتوار کی صبح کچلاک ہی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار ہلاک ہوا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ اور حب میں تشدد کے مختلف واقعات میں تین پولیس اہلکاروں سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے۔

پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کا واقعہ کوئٹہ شہر کے شمال میں واقع کچلاک میں پیش آیا۔

کوئٹہ کے ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اتوار کی شب دو پولیس اہلکار کچلاک بازار میں معمول کی ڈیوٹی پر تھے جب انھیں نشانہ بنایا گیا۔

اہلکار کا کہنا تھا کہ کچلاک بازار میں چار مسلح افراد آئے اور دونوں اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دونوں ہلاک ہوگئے۔ حملہ آور فرار ہوتے ہوئے پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔

اس سے قبل اتوار کی صبح کچلاک ہی میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلوچستان کانسٹیبلری کا ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا۔

کچلاک کوئٹہ شہر سے اندازاً 25 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ اس علاقے کی سو فیصد آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔اس علاقے میں پولیس اہلکاروں پر حملوں کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں۔

تشدد کے دوسرے واقعہ میں سریاب کے علاقے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے سریاب میں درزی کی دکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دکان میں بیٹھے دو افراد ہلاک ہو گئے۔ ادھر کراچی سے متصل بلوچستان کے علاقے حب میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔