بلوچستان میں ہندو تاجر کی ہلاکت کے خلاف ہڑتال

چند روز قبل بھی مچھ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ہندو تاجر سنتوش کمہار زخمی ہوا تھا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنچند روز قبل بھی مچھ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ہندو تاجر سنتوش کمہار زخمی ہوا تھا
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مچھ میں ایک ہندو تاجر کی ہلاکت کے خلاف اتوار کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی۔

ہڑتال کی کال مچھ ٹاؤن کے تاجروں کی مقامی انجمن نے دی تھی۔ ہڑتال کے باعث مچھ ٹاؤن میں تمام دکانیں بند رہیں۔

مچھ ٹاؤن میں ہندو تاجر کی فائرنگ سے ہلاکت کا واقعہ سینیچر کی شب پیش آیا تھا۔

مچھ میں پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے مچھ بازار میں فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ہندو تاجر ہری چند ہلاک جبکہ ایک اور شخص عبد الوحید جتوئی زخمی ہوا۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کا ہدف زخمی ہونے والا شخص عبد الوحید جتوئی تھا لیکن فائرنگ کی زد میں ہندو تاجر بھی آگیا۔

اگرچہ پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ ہندو تاجر اس حملے کا ہدف نہیں تھا لیکن چند روز قبل بھی مچھ ٹاؤن میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں ایک ہندو تاجر سنتوش کمہار زخمی ہوا تھا۔

سنتوش کمہار پر نامعلوم افراد نے ان کے گھر کے قریب فائرنگ کی تھی۔

گذشتہ ماہ بلوچستان کے ایک اور علاقے خضدار میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک ہندو تاجر ہلاک ہوا تھا جبکہ کوئٹہ شہر سے ایک ہندو تاجر کو اغوا کیا گیا تھا۔