مانسہرہ: دو دھماکے، ایک شخص ہلاک سات زخمی

دھماکے میں سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشندھماکے میں سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے
    • مصنف, سید انور شاہ
    • عہدہ, سوات

مانسہرہ میں پولیس حکام کے مطابق ہونے والے دو الگ الگ بم دہماکوں میں ایک شخص ہلاک اور ایک سیکورٹی اہلکار سمیت سات افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کنٹرول روم مانسہرہ کے پولیس اہلکار شجاعت احمد نے بی بی سی کو بتایا کہ سیکورٹی فورسز کا قافلہ راولپنڈی سے گلگت جارہا تھا کہ شاہراہ قراقرم پر خانپور کے قریب ان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کے مطابق دھماکے میں سیکورٹی فورسز کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ایک سیکورٹی اہلکار لارنس نائیک محمد صفدر زخمی ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق اسی مقام پر آدھے گھنٹے کے وقفے سے دوسرا دھماکہ ہوا جس میں ایک سویلین گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔

اس دھماکے میں ایک شخص حسن فیروز ہلاک جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل سکواڈ کو بھی طلب بھی کر لیا گیاہے تاہم آخری اطلاعات تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پولیس کے مطابق دھماکوں کے نوعیت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔