’سکیورٹی فورسز کی کارروائی، چھ عسکریت پسند ہلاک‘

آزاد ذرائع سے ہلاکتوں کے دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوئی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنآزاد ذرائع سے ہلاکتوں کے دعوؤں کی تصدیق نہیں ہوئی
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

سکیورٹی فورسز نے صوبہ بلوچستان اور سندھ کی سرحدی پٹی پر کارروائی میں کم از کم چھ عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کوئٹہ میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے مطابق اس کارروائی کے دوران ان کے تین اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

عسکریت پسندوں کے خلاف یہ کاروائی منگل کو سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر پٹ فیڈر سے دس کلومیٹر دور جنوب میں بھیٹانی کالونی کے علاقے میں کی گئی۔

عسکری ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں فرنٹیئر کور بلوچستان اور سندھ رینجرز نے مشترکہ طور پر کی اور اس میں کم از کم چھ عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔

ایف سی کے مطابق اس کاروائی میں زخمی ہونے والے تین اہلکاروں کو علاج کے لیے سندھ میں پنوں عاقل کے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

تاحال آزاد ذرائع سے ان ہلاکتوں کی تصدیق نہیں ہوئی تاہم کالعدم بلوچ عسکریت پسند تنظیم بلوچ رپبلکن آرمی نے سندھ رینجرز سے جھڑپ میں اپنے ایک رکن کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

تنظیم کے ترجمان نے نامعلوم مقام سے سیٹلائیٹ فون پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ شخص سندھ اور بلوچستان کی سرحدی پٹی تنگوانی کے علاقے میں ہونے والی جھڑپ میں مارا گیا۔

بی آرے کے ترجمان نے جھڑپ میں سندھ رینجرز کو بڑی تعداد میں جانی نقصان پہنچانے کا دعویٰ بھی کیا۔