راولپنڈی: دھماکے میں 16 افراد زخمی ہو گئے

گذشتہ ماہ اسلام آباد کی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنگذشتہ ماہ اسلام آباد کی سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک ہو گئے تھے

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں پولیس حکام کے مطابق ایک ریستوران کے باہردھماکے میں 16 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

راولپنڈی کے تھانہ سٹی کے ایس ایچ او خالد محمود ستی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کالج روڑ پر واقع سیور فوڈ کے باہر کھڑی ایک موٹر سائیکل میں دھماکہ ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے کے قریب ہونے والے اس دھماکے کے نتیجے میں 16 افراد زخمی ہوئے ہیں اور زخمیوں میں سے ایک بچی سمیت تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

بم ڈسپوزل کے حکام کے مطابق موٹر سائیکل میں نصف کلوگرام کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔

حکام نے تحقیقات کے لیے جائے حادثہ کے قریب موجود سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد جمع کر لیے ہیں۔

خیال رہے کہ راولپنڈی کا علاقہ کالج روڈ ایک مصروف جگہ ہے اور یہاں رات کے وقت لوگوں کی خاصی بھیڑ ہوتی ہے۔

گذشتہ ماہ راولپنڈی سے متصل اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 11 میں واقع سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور 80 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔