کراچی: فائرنگ سے سرکاری ہسپتال کا ڈاکٹر ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP
- مصنف, ریاض سہیل
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک ڈاکٹر اپنے ڈرائیور سمیت ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقتول جناح ہپستال میں بطور ایم ایل او فرائض سر انجام دیتے تھے۔
یہ واقعہ منگل کو دوپہر تین بجے کے قریب دہلی کالونی کے قریب پیش آیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کی جس میں ڈاکٹر منظور میمن اور ان کے ڈرائیور عاشق زخمی ہوگئے۔
دونوں زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں شعبہ حادثات کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی نے ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر عبدالجلیل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر منظور جناح ہسپتال میں ہی میڈیکو لیگل آفیسر تھے اور اپنی ڈیوٹی سے واپس گھر جا رہے تھے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر صغیر احمد نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی میں ایک دن پہلے ہی پاکستان بحریہ کے ایک اہلکار فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ شہر میں امن و امان کی صورتحال کافی عرصے سے خراب ہے اور وزیراعظم کی ہدایت پر نیم فوجی سکیورٹی فورس رینجرز کی سربراہی میں کئی ماہ سے ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔



