کراچی:فائرنگ سے پاکستانی بحریہ کا اہلکار ہلاک

،تصویر کا ذریعہGetty
صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان بحریہ کے ایک اہلکار فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
شارع فیصل تھانے کے عملے کے ایک رکن نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ پاک بحریہ کا اہلکار غلام اکبر دوپہر ساڑھے 12 بجے کارساز روڈ پر موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی۔
پولیس اہلکار کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں غلام اکبر زخمی ہوئے اور انھیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابھی واضح طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ اس حملے کی وجوہات کیا تھیں اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں پاکستانی بحریہ کے اہلکاروں اور افسران پر ماضی میں بھی کئی مرتبہ حملے ہو چکے ہیں۔
رواں ماہ ہی شہر کے متمول علاقے ڈیفنس فیز ٹو میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ایک سینیئر نیوی افسر ہلاک ہوگئے تھے۔
اس سے قبل 27 فروری کو کراچی کے علاقے کیماڑی میں ایک حملے کے دوران پاکستان نیوی کے لیفٹیننٹ کمانڈر محمد عظیم شدید زخمی ہوگئے تھے جو بعد ازاں ہسپتال میں چل بسے تھے۔



