’پیر‘ کے کہنے پر دو بھانجوں کو قتل کر دیا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں ایک شخص نے مبینہ طور پر ایک پیر کے کہنے پر اپنے دو کم عمر بھانجوں کو قتل اور ایک کو شدید زخمی کر دیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے ایس ایس پی آپریشن ملک مقبول احمد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایبٹ آباد کا رہائشی ندیم اپنے تین بھانجوں کو اپنے ساتھ مری لایا اور وہاں تریٹھ کے مقام پر دو کو تیز دھار آلے سے گردن پر وار کر کے قتل کر دیا۔
انھوں نے بتایا کہ تیسرے بھانجے کو بھی قتل کرنے کی کوشش کی لیکن اس کے شور مچانے سے لوگ متوجہ ہو گئے تو ملزم اس کو زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
انھوں نے بتایا کہ قتل کرنے سے پہلے ندیم نے بظاہر انھیں بے ہوش کیا تھا۔
ایس ایس پی ملک مطلوب کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سات سالہ مہر علی، 11 سالہ قادر علی شامل ہیں جبکہ 14 سالہ زین علی زخمی ہوئے ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ مہر علی اور قادر علی کا اسلام آباد کے سرکاری ہسپتال پمز میں پوسٹ مارٹم کیا گیا جبکہ زین علی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
ملک مطلوب کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبینہ طور پر ندیم کے پیر نے انھیں بتایا کہ اپنے مالی حالات کو بہتر کرنے کے لیے اپنے بھانجھوں کو قتل کر دو۔
حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ایک خنجر اور جیپ ملی ہے جبکہ ملزم ندیم کی سعودی عرب کی پیر کو فلائٹ ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے کہا کہ ملک کے تمام ہوائی اڈوں کو ملزم کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ وہ ملک سے باہر فرار ہونے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
خیال رہے کہ ایک دن پہلے ہی جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں ایک نوجوان خزانے کی تلاش میں اپنی ہی کھودی ہوئی سرنگ میں زندہ دفن ہو گیا تھا۔
اس نوجوان کو ایک پیر کو یہ مبینہ خزانہ کھود نکالنے کی ترغیب دی تھی۔







