حزب اختلاف کی یوٹیوب پر پابندی کے خلاف قرارداد کی مخالفت

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
- مصنف, شہزاد ملک
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت پیپلز پارٹی کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یوٹیوب پر عائد پابندی ہٹانے سے متعلق قرارداد کی حکومت نے مخالفت کی ہے۔
منگل کو ایوانِ زریں یعنی قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی رکن شازیہ مری نے یوٹیوب پر پابندی فوری طور پر ہٹانے سے متعلق قرارداد پیش کی۔
<link type="page"><caption> یوٹیوب: پابندی ختم ہونے کی امیدیں؟</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/science/2014/02/140228_pakistan_youtube_ban_tim.shtml" platform="highweb"/></link>
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوب پر پابندی کی وجہ سے نوجوانوں کو معلومات تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حکومت نے اس قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یوٹیوب پر پابندی فوری طور پر نہیں ہٹائی جا سکتی۔
یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہی پیغمبرِ اسلام کے بارے میں بنائی گئی توہین آمیز فلم یوٹیوب پر جاری ہونے کے بعد اس ویب سائٹ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ ایک امریکی عدالت کی طرف سے یوٹیوب سے متعلق فیصلہ بھی آ چکا ہے اور حکومت اس کو مدنظر رکھتے ہوئے متنازع مواد ہٹا کر یوٹیوب کو دوبارہ کھول دے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
حزب اختلاف کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل گوگل کمپنی کے نمائندے پاکستان آئے تھے لیکن اُن کی کسی بھی ذمہ دار افسر کے ساتھ ملاقات نہیں کروائی گئی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اُنھوں نے کہا کہ بیوروکریسی اس معاملے میں اپنی ذمہ داریوں نہیں نبھا رہی۔
پاکستان تحریک انصاف کی ہی رکن قومی اسمبلی شریں مزاری نے کہا کہ پابندیاں لگانے سے کچھ نہیں ہوتا بلکہ پابندی عائد ہونے کی وجہ سے اُس متنازع فلم کی طرف لوگوں کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ متنازع مواد کو فوری طور پر یوٹیوب سے ہٹا کر اس پر سے پابندی ختم کی جائے۔
سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے وفاقی وزیر زاہد حامد نے کہا کہ اس قرارداد میں استعمال کی گئی زبان مناسب نہیں ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر یوٹیوب سے پابندی نہیں ہٹا سکتی جس کے بعد اس قرارداد میں یہ لفظ استعمال کیا گیا کہ حکومت اگلے دو ماہ میں یوٹیوب پر عائد پابندی ختم کرے۔ بعدازاں یہ معاملہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ نجی کارروائی کے دن تک کے لیے موخر کر دیا گیا۔
سال 2012 میں جاری ہونے والی’انوسنس آف اسلام‘ یا ’اسلام کی معصومیت‘ نامی فلم کے خلاف پاکستان سمیت مختلف ممالک میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے ہوئے تھے۔
تشدد کے ان واقعات میں پاکستان میں 19 کے قریب افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔
اسی دوران حکومتِ پاکستان نے یوٹیوب پر پابندی لگا دی تھی جو تاحال برقرار ہے۔
پابندی کے خلاف پانچ درخواستیں عدالتوں میں

،تصویر کا ذریعہAFP
انٹرنیٹ کے استعمال کی آزادی اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کی رکن فریحہ عزیز لاہور ہائی کورٹ میں یوٹیوب پر پابندی کے حلاف دائر کردہ درخواستوں کی سماعت میں عدالتی معاون کا کردار نبھا رہی ہیں۔
فریحہ عزیز کے مطابق یوٹیوب پر عائد پابندی کے خلاف لاہور میں تین جبکہ پشاور اس سندھ ہائی کورٹ میں ایک ایک درخواست زیر سماعت ہے۔
فریحہ عزیز کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کی سیاسی جماعتیں اس مسئلے کے حل کے لیے متفق نھیں، صرف یوٹیوب ہی نہیں بلکہ انٹرنیٹ پر بہت سی ویب سائٹس پر صارفین کی رسائی ممکن نہیں رہی۔‘
ان کا کہنا ہے کہ دنیا کے کسی دوسرے مسلم ملک میں اس ویڈیو کی وجہ سے یوٹیوب بند نہیں لیکن پاکستان اس معاملے کے حل کے لیے کچھ نہیں کیا گیا۔







