لاپتہ کیس:’فوجی اہلکاروں کےخلاف ایف آئی آر درج کریں گے‘

،تصویر کا ذریعہAP
- مصنف, ارم عباسی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
حکومتِ پاکستان نے سپریم کورٹ کو یقین دہانی کروائی ہے کہ مالاکنڈ کے حراستی مرکز سے لاپتہ ہونے والے افراد کے معاملے میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
عدالت نے اس ایف آئی آر کی نقل جمعرات کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
<link type="page"><caption> لاپتہ افراد کے لیے ایک اور کمیشن تشکیل</caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2014/01/140127_missing_persons_dentention_center_sa.shtml" platform="highweb"/></link>
جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے بدھ کو 35 لاپتہ افراد کے معاملے کی سماعت کی۔
اس موقع پر اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے سپریم کورٹ کو بتایا ان افراد کی گمشدگی میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف حکومت کی جانب سے ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
جسٹس جواد ایس خواجہ نے اٹارنی جنرل کو حکم دیا کہ ایف آئی آر جمعرات کو عدالت میں پیش کی جائے۔
سماعت کے دوران ریمارکس دیتے ہوئے جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے حکم سنانے کے بعد مزید کہا کہ ’کوئی بھی آئین سے بالاتر نہیں ہے۔‘
بدھ کو سماعت کے دوران اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ وفاق کی نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ وہ یہ عدالت کو لکھ کر دیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہ
عدالت کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم خود عدالت میں پیش ہو کر یہ کہہ سکتے ہیں کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی پاسداری ان کی ذمہ داری نہیں۔
اس سے پہلے منگل کو اسی مقدمے میں سپریم کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے حکومت کو 24 گھنٹے کی مہلت دی تھی۔
تین رکنی بینچ میں شامل جسٹس جواد ایس خواجہ نے حکم جاری کیا تھا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا عدالت کو بتائیں کہ اب تک 10 دسمبر 2013 اور 11 مارچ 2014 کے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے کی کیا وجہ ہے۔
عدالت نے وزیرِاعظم اور وزیراعلی ٰپر توہین عدالت کا مقدمہ چلانے کی بھی تنبیہ کی تھی۔
دس دسمبر2013 کو سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ مالا کنڈ حراستی مرکز سے لاپتہ ہونے والے 35 قیدی فوجی حکام کی حراست میں ہیں اس لیے لاپتہ افراد کو سات دن میں عدالت کے سامنے پیش کیا جائے اور ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
ان میں سے بارہ افراد کو عدالت میں پیش کر دیاگیا لیکن یاسین شاہ سمیت 23 افراد اب بھی لاپتہ ہیں اور اس میں ملوث فوجی اہلکاروں کے خلاف اب تک کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی گئی۔
وزرات دفاع نے اعلیٰ عدالت کے دسمبر کے فیصلے خلاف درخواست دائر کر رکھی ہے جس میں اس عدالتی حکم کو چیلنج کیا گیا ہے۔
حکومتی درخواست میں کیاگیا ہے کہ فوجی اداروں کے خلاف اس طرح کا حکم ان کی حوصلہ شکنی کرتا ہے اور اس طرح کے فیصلے فوج کی ساکھ کو متاثر کرتے ہیں۔
مقدمے کی سماعت جمعرات تک ملتوی کر دی گئی ہے۔







