ایران کی سرحد کے قریب سے گیارہ غیر ملکی گرفتار

ایران نے دھمکی دی تھی کہ وہ اپنے محافظوں کی بازیابی کے لیے پاکستانی کی سرحدی حدود میں کارروائی کر سکتا ہے

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنایران نے دھمکی دی تھی کہ وہ اپنے محافظوں کی بازیابی کے لیے پاکستانی کی سرحدی حدود میں کارروائی کر سکتا ہے
    • مصنف, محمد کاظم
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایران کی سرحد سے متصل ضلع کیچ سے فرنٹیئر کور نے گیارہ غیر ملکی افراد کو گرفتار کرکے ان سے اسلحہ بر آمد کر لیا ہے۔

کوئٹہ میں ایف سی کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ایف سی نے ایرانی سرحدی محافظوں کی بازیابی کے لیے چھاپا مارا جس کے دوران ان غیر ملکیوں کوگرفتار کیا گیا۔

یاد رہے کہ پانچ ایرانی محافظوں کو ایران کے سیستان بلوچستان کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ایرانی حکام نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ مغوی اہلکاروں کو پاکستان کے سرحدی علاقوں میں منتقل کیا گیا ہے۔

کوئٹہ میں دونوں ممالک کے مشترکہ سرحدی کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی حکام نے یہ یقین دہانی کرائی تھی اگر اہلکا ر پاکستانی حدود میں ہوئے تو ان کی بازیابی کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق ایف سی نے خفیہ اطلاع پر کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت میں اوورسیز کالونی پر چھاپہ مارا جس کے دوران یہ 11 غیر ملکی گرفتار ہوئے تھے۔

پانچ ایرانی محافظوں کو ایران کے سیستان بلوچستان کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنپانچ ایرانی محافظوں کو ایران کے سیستان بلوچستان کے علاقے سے اغوا کیا گیا تھا اور ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں

ایف سی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکیوں کے قبضے سے چار ایس ایم جیز اور ایک راکٹ لانچر کے علاوہ راکٹ کے گولے بھی بر آمد کیے گئے۔

گرفتار شدہ افراد میں سے صرف تین غیر ملکیوں کی اب تک شناخت ہو سکی ہے جن میں سے دو کا تعلق تنزانیہ جبکہ ایک کا تعلق یمن سے ہے۔

شناخت کیے جانے والے دو غیر ملکیوں کا تعلق تنزانیہ جبکہ ایک کا تعلق یمن سے ہے۔

ایف سی کے ذرائع کے مطابق گرفتار کیے جانے والے باقی آٹھ افراد کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے تاہم بعض دیگر ذرائع کا دعویٰ ہے گرفتار ہونے والے باقی آٹھ افراد ایرانی ہیں۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ تنزانیہ اور یمن سے تعلق رکھنے والے افراد کو منشیات کے سمگلروں نے یرغمال بنا رکھا تھا۔