بلوچستان: دھماکے اور آپریشن میں تین اہلکاروں سمیت 13 ہلاک

- مصنف, محمد کاظم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ایک بم دھماکے اور سرچ آپریشن کےدوران تین ایف سی اہلکاروں سمیت 13 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایف سی بلوچستان کے ذرائع کے مطابق ضلع قلات کے علاقے سوراب میں ایک بم دھماکے میں فرنٹیئر کور کے تین اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔
ایف سی ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے سڑک کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا۔دھماکہ خیز مواد سنیچر کی صبح اس وقت زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جب ایف سی کی ایک کانوائے وہاں سے گزر رہی تھی۔
دھماکے میں تین ایف سی اہلکار ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ادھر فرنٹیئر کور کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے سوئی کے نواحی علاقے درنجن میں ایک سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دس مسلح افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
دوسری جانب نامعلوم مقام سے بی بی سی کو بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ سوئی کے گردونواح میں سکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اس آپریشن میں تین خواتین سمیت چودہ افراد کو ہلاک کیا گیا ہے۔
ایف سی کے ذرائع نے مزید بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے فیض آباد میں ایک چھاپے کے دوران چھ تیار بم برآمد کر لیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان بموں کو کوئٹہ شہر میں تخریب کاری کے لیے استعمال ہونا تھا تاہم اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایف سی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے بھی دھماکہ خیز مواد بم برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایف سی کے ذرائع نے بتایا کہ ایف سی کی جانب سے گیس پائپ لائنوں کو دھماکے خیز مواد سے اڑانے کی کاروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف چھاپوں کے دوران یہ دھماکہ خیز مواد بر آمد کر لیا گیا ہے۔
اس چھاپے کے دوران تخریب کاری کی کاروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں چھ افراد کو گرفتا بھی کیا گیا ہے۔







