نواز شریف کی ’حیران کن‘ ٹویٹ

،تصویر کا ذریعہTwitter
- مصنف, طاہر عمران
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف سے منسوب ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ہونے والی چند ٹویٹس نے مجھے ہی نہیں بلکہ میرے کئی سینیئر ساتھیوں کو بھی ورطۂ حیرت میں ڈال دیا۔
@PMNawazSharif کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹویٹ کی گئی کہ ’جو ہمارے لوگوں کو مارتا ہے، وہ ہمارا دشمن ہے اور ہمیں اپنی قوم کو اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والوں سےکنفیوز نہیں کرنا چاہیے۔‘
جب یہ ٹویٹ کرنے والے اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے میں نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی اہل کار سے رابطہ کیا تو انھوں نے ایس ایم ایس کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی کہ مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ ’پیڈ‘ ہے، یعنی اسے ملازم سٹاف چلاتا ہے اور یہ اکاؤنٹ اصلی ہے۔
میاں نواز شریف کی اگلی ٹویٹ اور بھی اہم تھی۔ اس میں کہا گیا تھا: ’ہماری افواج پر حملہ پاکستان کے خلاف جنگ کا اعلان ہے اور ہم اس کا جواب دیں گے۔ ہماری بات چیت کی پالیسی کا دہشت گردوں نے غلط مطلب لیا ہے۔‘
ان ٹویٹس کو پاکستانی میڈیا نے تو نظر انداز کر دیا اور یہ صرف ایک چینل پر نظر آئیں، مگر وزیراعظم کے میڈیا سیل کی جانب سے ایک ای میل کی گئی کہ ’وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا کوئی ٹوئٹر اکاؤنٹ نہیں ہے۔‘
ایک جانب مرکزی رہنما یہ بات کرتے ہیں کہ یہ اکاؤنٹ ’پیڈ سٹاف‘ (Paid Staff) چلاتا ہے تو دوسری جانب وزیراعظم سیکرٹریٹ کی یہ ای میل سرے سے بات ہی ختم کر دیتی ہے۔
سوال یہاں یہ بھی پیدا ہوتا ہے کہ کون صحیح بات کر رہا ہے؟
آخر یہ ضروری کیوں ہوا کہ ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ جو 14 مہینے، 14 دن سے چل رہا ہے اس کے بارے میں آج ہی تردید جاری کی جائے؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس ہینڈل سے اب تک 502 ٹویٹس ہو چکی ہیں اور اسے 11485 افراد فالو کرتے ہیں جن میں ملک کے نامور صحافی اور مسلم لیگ نواز کے سرکردہ رہنما بھی شامل ہیں۔
ایک سوال یہ بھی کہ آخر اب تک وزیراعظم کا پریس آفس یا پارٹی اس بارے میں خاموش کیوں تھے؟
اگر وزیراعظم آئندہ چند گھنٹوں یا دنوں میں قوم سے خطاب کرتے ہیں جس کا اعلان اس ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کیا جا چکا ہے، تو کیا ہمیں یہ کہنے میں حق بجانب ہوں گے کہ اس ٹوئٹر اکاؤنٹ کو چلانے والا بہت باخبر انسان ہے؟
اگر ہم وزیراعظم کی صاحبزادی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو دیکھیں تو جن 760 افراد کو وہ ٹوئٹر پر فالو کرتی ہیں ان میں سے ایک یہ ٹوئٹر اکاؤنٹ بھی ہے۔
اب کیا وزیراعظم کے اکثر ساتھ رہنے والی ان کی صاحبزادی جن کا اکاؤنٹ ٹوئٹر نے ویریفائی کیا ہے کہ یہ انھی کا اکاؤنٹ ہے اور یہی اصل اور حقیقی مریم نواز شریف کا اکاؤنٹ ہے تو وہ اسے آخر کیوں فالو کریں گی۔
یہی نہیں پاکستان مسلم لیگ نواز کے کئی ٹوئٹر اکاؤنٹس اس اکاؤنٹ کی ٹویٹس کو نہ صرف ری ٹویٹ کرتے ہیں بلکہ اس اکاؤنٹ کو فالو بھی کرتے ہیں۔
جب سے پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت آئی ہے ایک معاملہ جس پر بہت زیادہ گفتگو ہوتی ہے وہ ہے قومی سلامتی کی پالیسی اور طالبان سے نمٹنے کی حمکتِ عملی، جسے مختلف جامے پہنائے جاتے رہے ہیں۔
بعض کہنے والے تو یہ تک کہتے ہیں کہ اس اکاؤنٹ کی باگ ڈور ایک وزیر کے ہاتھوں میں ہے مگر اس ورچوئل تکون میں کون کس حد تک باخبر ہے، یہ ابھی تک سب سے پوشیدہ ہے۔







