اسلام آباد:اہل سنت و الجماعت کے رہنما سمیت دو ہلاک

اہل سنت و الجماعت کے رہنماؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج بھی ہوا تھا
،تصویر کا کیپشناہل سنت و الجماعت کے رہنماؤں کی ہلاکت کے خلاف احتجاج بھی ہوا تھا
    • مصنف, شہزاد ملک
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ سے اہل سنت والجماعت کے رہنما سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ جمعہ کی سہ پہر سیکٹر آئی ایٹ تھری میں پیش آیا۔

مقامی پولیس کے مطابق اسلام آباد میں اہل سنت والجماعت کے جنرل سیکرٹری مفتی منیر معاویہ اپنے ساتھی اسد محمود کے ہمراہ سیکٹر میں واقع مدرسے سے نکلے تھے کہ ان کی کار پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی۔

پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے دونوں افراد موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ موٹرسائیکل پر سوار حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اعلیٰ حکام موقع پر پہنچ گئے اور مقتولین کی لاشوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اہل سنت و الجماعت کے ایک ترجمان حافظ انیب فاروقی نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ مفتی منیر جمعرات کو ہی اڈیالہ جیل سے رہا ہوئے تھے اور جی نائن سیکٹر میں جمعہ کی نماز پڑھانے کے بعد آئی ایٹ گئے تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ چہلمِ شہدائے کربلا کے موقع پر فرقہ وارانہ تصادم سے بچاؤ کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد سے متعدد مذہبی رہنماؤں کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا تھا۔

مفتی منیر ایک ماہ کے دوران ہلاک کیے جانے والے اہلِ سنت والجماعت کے دوسرے رہنما ہیں۔

ان سے پہلے گذشتہ ماہ لاہور میں تنظیم کے صوبائی صدر شمس الرحمان معاویہ کو بھی لاہور میں نامعلوم مسلح افراد نے ہدف بنا کر ہلاک کیا تھا۔

تنظیم اہل سنت والجماعت 12 جنوری 2002 کو جنرل پرویز مشرف کی جانب سے سپاہِ صحابہ نامی جماعت پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سامنے آئی تھی۔

سپاہِ صحابہ کی بنیاد 1985 میں رکھی گئی تھی اور یہ جنرل پرویز مشرف کے دورِ اقتدار سے پہلے عام انتخابات میں حصہ بھی لیتی رہی ہے۔

سپاہ صحابہ کے ہی کچھ کارکنوں نے بعد میں لشکر جھنگوی کے نام سے تنظیم تشکیل دی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تنظیم فرقہ وارانہ شدت پسندی کے واقعات میں ملوث ہے اور اس کے طالبان سے بھی تعلقات ہیں۔ اہل سنت والجماعت اس تنظیم سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔

آئی ٹین میں فائرنگ

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین کے مرکز میں ایک پولیس چوکی پر فایرنگ میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق آئی ٹین مرکز میں پولیس چوکی پر مامور پولیس اہلکاروں نے دو مشتبہ افراد کو رکنے کا کہا جس پر انہوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں دونوں اہلکار زخمی ہو گئے۔ تاہم ہیڈ کانسٹیبل اقبال زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئے۔