پاکستان اور بھارت کو محاذ آرائی ترک کرنی چاہیے: شہباز شریف

ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل حل کرنے چاہیے: شہباز شریف
،تصویر کا کیپشنہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل حل کرنے چاہیے: شہباز شریف

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو محاذ آرائی ترک کرکے امن اور باہمی تعاون کا سفر شروع کرنا چاہیے۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق میاں شہباز شریف نے جو بھارت کے دورے پر ہیں، بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار بادل سنگھ پرکاش کی طرف سےدیے گئے استقبالیے کے موقع پر کہا کہ پاکستان اور بھارت کی حکومتیں یقیناً وہ دیوار یں مسمار کرسکتی ہیں جوخطے کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ نے پنجاب ایگریکلچر یونیورسٹی لدھیانہ میں ایک بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی شعبے میں بھارتی پنجاب کی ترقی سے اسفتادہ کرسکتا ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کے وزیرِاعظم نوازشریف ایک ایسے سیاستدان ہیں جو پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدگی ختم کرنا چاہتے ہیں۔

شہباز شریف نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت باہمی تجارت سے متعلق اہم فیصلے کرنے میں جلد کامیاب ہو جائیں گے۔

پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق میاں شہباز شریف نے سنیچر کو لدھیانہ میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے کبڈی کے عالیم چیمپئن شپ کے فائنل میچ شروع ہونے سے پہلے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی پنجاب اور بھارتی پنجاب مل کر تعلیم کے فروغ، تجارت بڑھانے اور غربت کو ختم کرنے کے لیے کام کرسکتے ہیں۔

پاکستان کی مقامی میڈیا کے مطابق میاں شہباز شریف کو جب اندازہ ہوا کہ وہ وہاں پر زیادہ تر پنجابی بولنے والے حاضرین کو اپنی اردو میں تقریر سے متوجہ نہیں کر سکے تو انھوں نے پنجابی میں تقریر کرنا شروع کر دی جس پر انھیں بہت داد ملی۔

انھوں نے کہا کہ’آج کبڈی کا ورلڈ کپ ہے جس کا فائنل میچ پڑوسی ممالک کے درمیان ہے۔ اگر بھارت جیت جاتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے پڑوسی نے عالمی کپ جیتا ہے اور ہم آپ کو مبارک باد دیں گے۔اگر پاکستان جیت جاتا ہے تو آپ کے پڑوسی نے عالمی کپ جیتا ہے تو آپ ہمیں مبارک باد دے سکتے ہیں۔‘

میاں شہباز شریف نے کہا کہ’اس دفعہ آپ نے ہمیں دعوت دی ہے۔ اگلی دفعہ میں ہم کبڈی کے عالمی کپ کا انعقاد لاہور میں کریں گے اور میں بھارتی پنجاب کے وزیرِاعلیٰ اور یہاں سے لوگوں کو اسے دیکھنے کے لیے دعوت دوں گا۔‘

انھوں نے کہا کہ’ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل حل کرنے چاہیے۔ہمیں پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے کام کرنا چاہیے۔‘

پاکستانی پنجاب کے وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ وہ امن کا پیغام لے کر آئیں ہیں اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں کے مزید مقابلے ہوں گے جس میں کبڈی، کشتی، ہاکی اور کرکٹ وغیرہ شامل ہوں گے۔

شہباز شریف نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کھیلوں میں مقابلہ کرنے کے علاوہ دونوں پڑوسی ممالک کو سائنس اور تعلیم کے شعبوں میں بھی مقابلہ کرنا چاہیے۔

بھارتی پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار بادل سنگھ پرکاش نے اپنی خطاب میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے کوششیں کریں گے۔

انھوں نے شہباز شریف کے دورے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تعلقات اچھے ہوں گے۔