شہباز شریف کی بھارتی وزیر اعظم سے ملاقات

- مصنف, سہیل حلیم
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی
پاکستانی پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے جمعرات کو دہلی میں وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کی اور باہمی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن کےمطابق شہباز شریف نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے من موہن سنگھ کو ’جذبۂ خیرسگالی‘ کا پیغام بھی دیا اور کہا کہ پاکستان دوستانہ تعلقات قائم کرنے کے عزم کا پابند ہے۔
وزیر اعظم من موہن سنگھ سے ملاقات کے بعد انھوں نے کہاکہ اگر دونوں ملک اپنے اختلافات ختم کر لیں تو وہ غربت کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔
بھارتی سرکاری ذرائع کے مطابق یہ ایک ’کرٹسی‘ ملاقات تھی جس میں کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔
ملاقات میں خارجہ امور پر وزیر اعظم نواز شریف کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور وزیر تجارت خرم دستگیر خان بھی شریک تھے۔
ملاقات سے پہلے یہ قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ شہباز شریف ایک مرتبہ پھر مسٹر سنگھ کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گے۔
لیکن تجزیہ نگاروں کے مطابق موجودہ سیاسی صورت حال میں من موہن سنگھ کے لیے اس دعوت کو قبول کرنا ممکن نہیں ہوگا کیونکہ ملک میں جلدی ہی پارلیمانی انتخابات ہونے ہیں اور فی الحال باہمی تعلقات کی نوعیت ایسی نہیں ہے کہ ان کے پاکستان جانے کا کوئی سیاسی یا سفارتی جواز پیش کیا جاسکے۔
گذشتہ ایک سال سے دونوں ملکوں کے تعلقات تلخی کا شکار ہیں اور پاکستانی وزیر اعظم کے اس مبینہ بیان کے جواب میں کہ کشمیر کے مسئلے پر دونوں ملکوں کےدرمیان ایک اور جنگ ہوسکتی ہے، منموہن سنگھ نے کہا تھا کہ جب تک وہ زندہ ہیں، پاکستان ایسی کوئی جنگ نہیں جیت سکتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شہباز شریف بھارتی ریاست پنجاب میں اکالی دل حکومت کی دعوت پر انڈیا آئے ہیں اور ان کے دورے کا بنیادی مقصد باہمی تجارت کو فروغ دینا ہے۔ وہ خاص طور پر شمالی ہندوستان میں تجارت، توانائی اور زراعت کے شعبوں میں اشتراک کے امکانات کا جائزہ لیں گے۔
اپنے دورے میں شہباز شریف ہریانہ میں ایک تھرمل پاور پلانٹ کا بھی معائنہ کریں گے۔ جمعرات کو انھوں نے دہلی کی میٹرو ٹرین پر بھی سفر کیا۔
پاکستان میں مسلم لیگ نواز کے برسرِاقتدار آنے کے بعد یہ ذکر شروع ہوا تھا کہ ایندھن کی قلت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو پنجاب کے راستے گیس اور بجلی سپلائی کی جاسکتی ہے لیکن ابھی اس سمت میں کوئی ٹھوس پیش رفت نہیں ہوئی۔
پاکستان کی دلچسپی پانچ سو میگاواٹ بجلی خریدنے میں تھی اور انڈیا میں ماہرین کا خیال تھا کہ بجلی سپلائی کرنے میں کوئی تکنیکی دشواری نہیں ہے، لیکن لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کی وجہ سے اس تجویز کو فی الحال عملی شکل نہیں دی جاسکی۔
پاکستان ریلوے کے شعبے میں بھی انڈیا کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے، تاکہ ملک میں ریلوے کے خستہ حال نظام کو واپس پٹری پر لایا جا سکے۔ کچھ عرصہ پہلے پاکستان نے انڈیا سے ریل کے انجن بھی کرایے پر لینےمیں دلچسپی ظاہر کی تھی۔







