کراچی: لانڈھی دھماکے کا زخمی رینجر اہل کار ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے لانڈھی میں رینجرز اہلکاروں کی گاڑی کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ایک اہل کار ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
یہ واقعہ جمعرات کی صبح لانڈھی کے علاقے 89 کے قریب پیش آیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے اہل کاروں کو فوری طور پر جناح ہسپتال پہنچایا گیا۔
جناح ہسپتال کی ڈائریکٹر سیمی جمالی نے بی بی سی کو بتایا کہ زخمی اہل کاروں میں سے ایک ہلاک جب کہ ایک دوسرے اہل کار کی حالت تشویش ناک ہے۔
بم ڈسپوزل سکواڈ عملے کے ایک رکن کے مطابق دھماکہ خیز مواد سڑک کے کنارے کھڑی ایک موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول سے تباہ کیا گیا۔
اس کے مطابق موٹر سائیکل میں چار سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔
دھماکے کی وجہ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور دھماکے کی جگہ کو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیر لیا۔ واقعے کے بعد تین افراد کو تفتیش کے لیے گرفتار کر لیاگیا ہے۔
ادھر ڈی جی رینجرز نے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات سے ان کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔



