برمل میں دھماکہ، طالبان کمانڈر سمیت 5 ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے جنوبی وزیرستان میں ایک بم دھماکے میں طالبان کمانڈر سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ یہ دھماکہ ایجنسی کے صدر مقام وانا کے قریب تحصیل برمل کے علاقے میں بدھ کو رات گئے ہوا۔
انتظامیہ کے اہلکار کا کہنا تھا کہ یہ ایک ریموٹ کنٹرول بم حملہ تھا اور طالبان کمانڈر غلام جان اس حملے کا نشانہ بنے۔
اہلکار کے مطابق ازبکوں کے حامی کمانڈز غلام جان ایک گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ وہ سڑک کنارے نصب بم کا نشانہ بنی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حملے میں گاڑی تباہ ہوگئی اور اس میں سوار کمانڈر غلام جان ان کے چچار زاد بھائی جمعہ خان اور تین محافظ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق وزیر قبیلے سے تعلق رکھنے والے غلام جان پر ماضی میں بھی کئی قاتلانہ حملے ہوئے تھے لیکن وہ محفوظ رہے تھے۔
نامہ نگار کا کہنا ہے کہ وہ ان طالبان کمانڈروں میں سے تھے جو دو ہزار سات میں جنوبی وزیرستان کے اہم طالبان کمانڈر ملا نذیر کی ازبک شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کے دوران علاقہ چھوڑ کر شمالی وزیرستان چلے گئے تھے۔
کچھ عرصہ قبل ہی ملا نذیر کی جانب سے اجازت ملنے پر انہیں جنوبی وزیرستان میں واپس آنے دیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ جنوبی وزیرستان میں غیر ملکی شدت پسندوں سے تعلق رکھنے والے کسی طالبان کمانڈر کی ہلاکت کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔
گزشتہ برس دسمبر میں وانا کے علاقے رستم بازار میں ہونے والے دھماکے میں ایسے ہی ایک اور کمانڈر مولوی عباس دو افراد سمیت ہلاک ہوئے تھے۔







