جان محمد بلیدی کے بھتیجے ہلاک

پاکستان کے صوبے بلوچستان کے وزیرِ اعلیٰ کے ترجمان جان محمد بلیدی کے بھتیجے کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔
جان محمد بلیدی کے بھتیجے چراغ احمد کے قتل کا یہ واقعہ جمعے کو تربت کے علاقے بلیدہ میں پیش آیا۔
لیویز فورس تربت کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے چراغ احمد کو بلیدہ میں فائرنگ کر کے ہلاک کیا۔
اہلکار کے مطابق مقتول چراغ احمد لیویز فورس میں ملازم تھے۔
دریں اثناء بلوچستان کے کالج اساتذہ نے ڈگری کالج خضدار کے اسسٹنٹ پروفیسر کے قتل کے خلاف جمعہ کو بلوچستان میں کلاسز کا بائیکاٹ کیا ۔
خیال رہے کہ جمعرات کو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈگری کالج خضدار کالج کے دو اساتذہ پر فائرنگ کی تھی۔
اس حملے میں ڈگری کالج خضدرا کے معاشیات کے اسسٹنٹ پروفیسر عبدالرزاق ہلاک جبکہ دوسرے زخمی ہو گئے تھے۔
اس واقعہ کے خلاف خضدار سمیت دیگر علاقوں میں کالج اساتذ ہ نے بطور احتجاج جمعے کو کلاسز کا با ئیکاٹ کیا ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
کالج اساتذہ کی تنظیم بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے کوئٹہ میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں اسسٹنٹ پروفیسر کے قتل کے خلاف تین روزہ سوگ اور سنیچر کو بھی کلاسز کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا۔
ادھر ڈیرہ بگٹی میں مقامی انتظامیہ نے امن لشکر سے تعلق رکھنے والے تین افراد کی لاشیں برآمد کر لیں۔
ان افراد کو رواں سال جنوری میں نامعلوم افراد نے ایک جھڑپ کے بعد اغوا کیا تھا۔
نامعلوم افراد نے ان افراد کو گزشتہ روز ہلاک کر کےان کی لاشیں نالے میں پھینک دی تھیں۔







