قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج

اجلاس میں بجٹ سے قبل ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا: اسحاق ڈار
،تصویر کا کیپشناجلاس میں بجٹ سے قبل ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا: اسحاق ڈار

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے وزیر اعظم نواز شریف کی ایڈوائس پر قومی اقتصادی کونسل تشکیل دے دی ہے۔

سرکاری ریڈیو ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیر اعظم کی ایڈوائس پر یہ کونسل تشکیل دی گئی ہے۔

اس کونسل کے چیئرمین ئود وزیر اعظم نواز شریف ہوں گے جبکہ وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال، وزیر برائے صنعت و پیداوار غلام مرتضیٰ خان جتوئی اور وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کو کونسل کے ممبران نامزد کیا ہے۔

صوبوں سے پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ، سندھ کے وزیر اعلیٰ اوران کے مشیر خزانہ سید مراد علی شاہ، خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور سینئر وزیر سراج الحق جبکہ بلوچستان سے وزیراعلیٰ اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالرحیم شامل ہیں۔

اس کے علاوہ گورنر خیبرپختونخوا، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، پلاننگ کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین، سیکرٹری فنانس ڈویژن، سیکرٹری برائے اقتصادی امور اور سیکرٹری پلاننگ و ترقیات کو خصوصی طور پر قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ 2011 مئی میں اس وقت کے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدر نے قومی اقتصادی کونسل میں وزراء برائے مواصلات، دفاع، خزانہ اور سائنس کو شامل کیا تھا۔

دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج یعنی پیر کے روز ہو گا۔

اننہوں نے کہا کہ اس اجلاس میں بجٹ سے قبل ملکی معیشت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دوسری جانب صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ صدرِ پاکستان نے صوبہ بلوچستان اور پنجاب کے گورنروں کے استعفے قبول کر لیے ہیں۔

صدارتی ترجمان نے کہا کہ گورنر بلوچستان نواب ذوالفقار علی مگسی اور گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کچھ عرصہ قبل استعفے دیے تھے جن کو اب صدر نے قبول کر لیا ہے۔