
بلوچستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں پولیس کی ایک گاڑی پر حملے میں چار اہلکار ہلاک ہوگئے۔
یہ حملہ ہفتے کی شام کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس کے علاقے غوث آباد میں ہوا۔
پولیس کے مطابق سیٹلائٹ پولیس سٹیشن کی ایک گاڑی معمول کے گشت پر تھی کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اس پر اندھادھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
حملے میں پولیس کے ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت تین اہلکار ہلاک جبکہ گاڑی کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔
زخمی اہلکار کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
کوئٹہ کے سیٹلائٹ ٹاؤن ہی کے علاقے میں دو روز قبل فائرنگ کے ایک واقعہ میں ایک خفیہ ایجنسی کے دو اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
بلوچستان کے دوسرے شہروں کی طرح بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی امن و امان کی صورتحال خراب ہے۔
پولیس کے مطابق اس طرح کے حملوں میں کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں اب تک ساڑھے چار سو سے زائد پولیس اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔






























