
کوئٹہ میں پولیس چوکی پر حملے میں دو اہلکار ہو گئے
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ضلع آواران میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔
ضلع آواران کے علاقے مشکے سے آنے والے سیکورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم افراد نے سوموار کی دوپہر حملہ کیا۔
بلوچستان کی وزارتِ داخلہ نے بھی اپنے اعلامیے میں سکیورٹی فورسز کے قافلے میں فرنٹئیر کانسٹیبلری کے دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور کا کہنا ہے کہ آوران کے علاقے مشکے میں مکران سکاوٹس کے قافلے پر حملہ ہوا ہے۔ جس میں ایف سی کے دو اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
کالعدم تحریک بلوچ لیبریشن فرنٹ کے ترجمان نے نامعلوم مقام سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے حملے کے ذمہ داری قبول کی ہے۔
ادھر دارلحکومت کوئٹہ میں مشرقی بائی پاس کے علاقے میں پولیس چوکی پر حملہ ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے پولیس چوکی پر حملہ کیا۔
چوکی پر ہیڈ کانسٹیبل اور بلوچستان کانسٹیبلری کے دو اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
حملے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے دو اہلکار ہلاک جبکہ پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہوگیا ہے۔
واقعے میں ملوث حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ زخمی ہونے والے پولیس اہلکار کو علاج کے لیے دارلحکومت کوئٹہ کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔
کراچی کے قریب بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں ریموٹ کنٹرول سے کیے جانے والے بم حملے میں سکیو رٹی فورسز کے چار اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔






























