
اس سے قبل بھی کوئٹہ سے ایک ڈاکٹر کو اغواء کیاگیا تھا
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے ایک اور ڈاکٹر کو اغوا کر لیا گیا اغوا ہونے والے ڈاکٹر عبدالعزیز بلوچ ہیں جو کہ آنکھوں کے ہسپتال ’ہیلپرز آئی‘ میں ملازم ہیں۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر عبدالعزیز بلوچ گزشتہ روز سے لاپتہ تھے اور ان کی گاڑی پیر اور منگل کی درمیانی شب سریاب لنک روڈ سے ملی ہے۔
پولیس اور ڈاکٹر عبدالعزیز کے رشتہ داروں نے شک کا اظہار کیا ہے کہ ان کو اغوا کر لیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایک اور ممتاز ماہر چشم ڈاکٹر سعید خان کو سولہ اکتوبر کو اغوا کر لیا گیا تھا۔
بعض ذمہ دار ذرائع کے مطابق انہیں انتیس نومبر کو نوے لاکھ روپے کی ادائیگی کے بعد چھوڑ دیا گیا تھا۔
ڈاکٹر سعید خان کے اغواء کے خلاف تاحال کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں ڈاکٹر ہڑتال پر تھے کہ ایک نئے ڈاکٹر کو اغوا کر لیا گیا جس نے ڈاکٹروں کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
ڈاکٹر سعید خان کے اغوا کے بعد ڈاکٹروں کی جاری ہڑتال کے باعث بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات ختم ہوکر رہ گئی ہیں اور ہسپتال ویرانی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ( بلوچستان ) کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ چند سال کے دوران اٹھائیس ڈاکٹروں کو قتل کیا گیا ہے جبکہ سولہ ڈاکٹروں کو تاوان کے لیے اغوا کیا گیا۔
بلوچستان کے ڈاکٹروں نے جو مطالبات پیش کیے ہیں ان میں ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ مغوی ڈاکٹروں کی بازیابی کے لیے تاوان کے طور پر جو رقم ادا کی گئی ہے وہ حکومت ادا کرے۔






























