پشاور: دھماکے میں نو افراد زخمی

،تصویر کا ذریعہ

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس کے مطابق ایک بارودی سرنگ کے دھماکے میں نو افراد زخمی ہوگئے ہیں،جن میں چار سکاؤٹس فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

پشاور میں پولیس اہلکار عبداللہ خان نے بی بی سی کو بتایا کہ منگل کی صُبح یونیورسٹی روڈ پر حیات آباد فیز تھری چوک کے قریب اس وقت ایک بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جب خیبر سکاؤٹس فورس کی ایک گاڑی وہاں سے گُز رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے میں نو افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں چار سکاؤٹس فورس کے اہلکار جبکہ پانچ عام شہری شامل ہیں۔اہلکار کے مطابق زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلکس منتقل کردیاگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بارودی مواد زیر تعمیر سڑک میں استعمال ہونے والے پانی کے ٹینکر میں رکھا گیا تھا۔ جو سڑک کے کنارے کھڑا تھا۔ اہلکار کے مطابق دھماکے میں دو گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اس کے علاوہ ادھر نوشہرہ کے علاقے جلوزئی میں خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے متاثرین کیمپ میں راشن کی تقسیم کے دوران فائرنگ ہوئی جس کے نتیجہ میں ایک شخص ہلاک جبکہ دو زخمی بتائے جاتے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راشن کے تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی جس پر پولیس نے ہوائی فائرنگ کی ہے لیکن یہ معلوم نہیں کہ حضرت گل نامی شخص کس کی فائرنگ سے ہلاک ہوا البتہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی تک کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔