پشاور: مزار کے قریب دھماکہ، تین ہلاک

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں حکام کے مطابق ایک مزار کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں دو بچوں سمیت کم سے کم تین افراد ہلاک اور ایک درجن زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شام پشاور شہر کے علاقے ہزارخوانی میں پنج پیر نامی ایک مزار کے قریب پیش آیا۔

یکہ توت پولیس سٹیشن کے اہلکاروں نے بی بی سی کے نامہ نگار رفعت اللہ اورکزئی کو بتایا کہ دھماکہ خیز مواد مزار کے باہر دیوار کے ساتھ کھڑی ایک گدھا گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دھماکے سے مزار کے باہر والی دیوار گرگئی۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں کم سے کم تین افراد ہلاک جبکہ ایک درجن سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں دو بچے اور ایک بوڑھا شخص شامل ہے جبکہ زخمیوں میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ ہپستال پشاور منتقل کردیا گیا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عام طور پر جمعرات کے دن مزار پر لوگوں کا رش زیادہ ہوتا ہے اور آج بھی لوگ بڑی تعداد میں وہاں موجود تھے۔

خیال رہے کہ خیبر پختون خوا اور قبائلی علاقوں میں پچھلے کئی سالوں سے اولیاء کرام اور صوفی شعراء کے مزاروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے تاہم کچھ عرصہ سے ان واقعات میں کچھ وقفہ آیا تھا لیکن پشتو کے مشہور شاعر اور قوم پرست رہنما اجمل خٹک کے مزار پر حملے کے بعد سے کسی مزار پر یہ دوسرا حملہ ہے۔