چارسدہ: شیرپاؤ کے جلسے کے بعد خودکش حملہ

دھماکے میں دوگاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشندھماکے میں دوگاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں پیپلز پارٹی(ش) کے سربراہ آفتاب شیر پاؤ کےگاڑی کے قریب ہونے والے خودکش حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور آٹھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں بھی تین پولیس اہلکار شامل ہیں۔

چارسدہ پولیس کے اہلکار غفران خان نے بی بی سی کے نامہ نگار دلاور خان وزیر کو بتایا کہ یہ حملہ چارسدہ بازار سے بیس کلومیٹر دور کانگڑہ کے علاقے میں اس وقت ہوا جب آفتاب شیرپاؤ ایک جلسے کے بعد واپس اپنے گھر جا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک خودکش حملہ تھا اور اس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور تین اہلکاروں سمیت آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔

اہلکار کے مطابق دھماکے میں دوگاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور شیر پاؤ کی گاڑی کو بھی معمولی نقصان پہنچا۔

اس واقعہ کی ذمہ داری تحریک طالبان پاکستان مہمند ایجنسی نے قبول کی ہے۔ مہمند ایجنسی میں تحریکِ طالبان پاکستان کے کمانڈر عمر خالد کے معاون مُکرم خراسانی نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ مزید ایسے حملے کریں گے۔

یاد رہے کہ چند دن پہلے خیبر پختونخوا کے ہی ایک اور شہر نوشہرہ میں عوامی نینشل پارٹی کے جلسے کے بعد ایک خودکُش حملے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے اور اس کی ذمہ داری بھی تحریک طالبان نے ہی قبول کی تھی۔