ٹیکسٹ میسجز سینسر کرنے کا فیصلہ مؤخر

،تصویر کا ذریعہbbc
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے موبائل فون پر ٹیکسٹ پیغامات کی سنسر شپ کا فیصلہ مؤخر کردیا ہے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ موبائل کمپنیوں کی جانب سے اس پابندی کے حوالے سے اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے علاوہ صارفین اور حکومت کی جانب سے بھی آراء وصول ہوئی تھیں۔
بیان کے مطابق آراء وصول ہونے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو مؤخر کردیا جائے۔
پی ٹی اے نے مزید کہا ہے کہ جن الفاظ پر پابندی عائد کی جا رہی تھی اس کے حوالے سے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو سول سوسائٹی کے ساتھ مشاورت کرے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ملک میں کام کرنے والی موبائل فون کمپنیوں سے کہنا تھا کہ وہ قابلِ اعتراض الفاظ پر مشتمل ٹیکسٹ پیغامات بلاک کر دیں۔
پی ٹی اے نے موبائل کمپنیوں کو ٹیکسٹ پیغامات کی سکریننگ کا عمل شروع کرنے کے لیے اکیس نومبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔



