ایل او سی پر فائرنگ، پاکستانی فوجی ہلاک

ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ایک دوسرے پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام لگاتے ہیں
،تصویر کا کیپشنہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ایک دوسرے پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام لگاتے ہیں

پاکستان کی فوج نے الزام لگایا ہے کہ متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول کے پار سے ہندوستانی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔

گذشتہ ہفتے پاکستانی فوج کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین پاکستانی فوجی ہلاک ہوئے۔

پاکستان کی فوج کے ترجمان میجر جنرل اطہر عباس نے بدھ کی شام بی بی سی کے نامہ نگار ذوالفقار علی کو بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول کے پار سے ہندوستان کی فوج نے وادی نیلم کے علاقےکیل میں پاکستانی فوج کی چوکی پر فائرنگ کی۔

فوج کے ترجمان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہوگیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ واقعہ کی تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں جس کے بعد ہی اس معاملے کو بھارتی فوج کے ساتھ اٹھایا جائے گا لیکن فوج کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ آیا پاکستان کی فوج نے بھی جوابی فائرنگ کی یا نہیں۔

یہ ایک ہفتے میں اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے جس میں پاکستانی فوجی کی ہلاکت ہوئی ہے۔

اس سے پہلے گذشتہ ہفتے وادی نیلم میں ہی لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان مبینہ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان کی فوج کے مطابق ان کے تین جوان ہلاک ہوگئے تھے۔

دونوں ملکوں کی فوجوں کے درمیان یہ جھڑپیں ایک ایسے وقت پر ہوئیں جب حالیہ ہفتوں میں بھارتی فوج کے بقول وادی کشمیر میں دراندزی کرنے والے شدت پسندوں کے ساتھ لائن آف کنٹرول پر اس کی کئی جھڑپیں ہو چکی ہیں اور اس دوان ایک ہی واقعہ میں بھارتی فوج کے مطابق بارہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا گیا جبکہ ان کا فوجی بھی مارا گیا۔

بھارتی فوج کا بھی کہنا ہے کہ زیادہ تر درانداز وادی نیلم سے ہی بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔

یہ واقعات بھارتی حکام کے مطابق بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے ان علاقوں میں ہوئے جس کے دوسری جانب وادی نیلم واقع ہے۔

سنہ دو ہزار تین میں متنازع کشمیر کو تقسیم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر دونوں ممالک کے درمیان فائر بندی کا معاہدہ ہوا تھا لیکن اس معاہدے کے باوجود لائن آف کنٹرول پر دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے کئی واقعات پیش آئے ہیں لیکن تازہ واقعات فائر بندی کے اس معاہدے کے بعد مہلک ترین ہیں۔

ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی ایک دوسرے پر فائر بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی اور فائرنگ میں پہل کرنے کا الزام لگاتے ہیں۔

ہندوستان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی فوج شدت پسندوں کو وادی میں داخل کرانے کے لیے فائرنگ کرتی ہے پاکستان کے فوجی حکام اس کی تردید کرتے ہیں اور ہندوستان پر بلا اشتعال فائرنگ کا الزام لگاتے ہیں۔