کراچی:بوسیدہ رہائشی عمارت منہدم

پاکستان کے شہر کراچی میں لیاری کےعلاقے بغدادی لین میں ایک چھ منزلہ عمارت منہدم ہو گئی ہے جس کے نتیجہ میں کم سے کم چار افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عمارت کے ملبہ تلے کئی لوگ دبے ہو سکتے ہیں۔
علاقے کے ایس ایچ او ارشاد سومرو نے بی بی سی کو بتایا کہ دو لاشیں نکالی گئی ہیں جو دس اور بارہ سال کے دو بہن بھائی ہیں۔ ان کے علاوہ بھی دو لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کئی لوگوں کی لاشیں ملبے کے نیچے دبے ہونے کا امکان ہے۔ علاقے کی گلیاں کافی تنگ ہیں جس سے امدادی کام میں دشواری پیش آرہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ایک چھ منزلہ انتہائی پرانی اور بوسیدہ عمارت تھی جو اچانک زمین بوس ہوگئی ۔
واقعے کے بعد اس عمارت کے ارد گرد موجود دیگر عمارتوں کو بھی خالی کروایا جا رہا ہے۔
پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کیونکہ یہ ایک رہائشی عمارت تھی اس لیے امکان ہے کہ ملبے میں تیس سے چالیس افراد ابھی تک دبے ہوئے ہیں۔



