بنیادی شرح سود میں کمی کا اعلان

پاکستان سٹیٹ بینک نے رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بنیادی شرح سود میں نصف فیصد کمی کردی ہے۔
یہ اعلان سٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر انور یاسین نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ بنیادی شرح سود کو 14 فیصد سے کم کر کے 13.5 فیصد کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی میں اضافے کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی پی میں اضافے کا ہدف دو اعشاریہ چار فیصد رکھا گیا تھا لیکن یہ ہدف دو فیصد پوائنٹس سے پورا نہیں ہو سکا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران اور امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پچھلے سال آئے ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کے باعث ملک کی عیشت پر بڑا اثر پڑا ہے۔
انہوں نے پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنہ دو ہزار گیارہ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستان روپے کی قدر میں صفر اعشاریہ پانچ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
انور یاسین نے کہا کہ حکومتی قرضوں کا معاملہ صرف مالی سال 2011 سے منسلک نہیں ہے بلکہ یہ ایک بنیادی مسئلہ ہے۔



