پشاور: فلمیں فروخت کرنے والی دکان تباہ

پشاور کے مضافاتی علاقوں میں اس سے پہلے بھی سی ڈیز سینٹرز پر بم حملے ہو چکے ہیں
،تصویر کا کیپشنپشاور کے مضافاتی علاقوں میں اس سے پہلے بھی سی ڈیز سینٹرز پر بم حملے ہو چکے ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارلحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے میں سی ڈیز اور فلمیں فروخت کرنے والی ایک دکان بم دھماکے میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

بڈھ بیر پولیس کے ایک افسر عبدالقادر خان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعہ اور سنیچر کی درمیانی رات پشاور سے کوئی پندرہ کلومیٹر دور جنوب کی جانب بڈھ بیر کے علاقے بالو خیل پایاں میں پیش آیا۔

انہوں نے بتایا کہ نامعلوم افراد کی طرف سے فلمیں اور سی ڈیز فروخت کرنے والی دکان کے دروازے پر دیسی ساخت کا ایک بم نصب کیا گیا تھا۔

پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے میں دکان مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے جب کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دھماکے کے وقت دکان میں کوئی بھی موجود نہیں تھا۔

اس واقعہ سے ایک دن پہلے بڈھ بیر میں اخوند سلاک بابا کے مقبرے کے قریب واقع مسجد میں دھماکہ ہوا تھا۔

جس سے مسجد کی عمارت کو نقصان پہنچا تھا لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔

نامہ نگار دلاورخان وزیر کے مطابق بڈھ بیر پشاور کے جنوب میں انڈس ہائی وے پر پشاور سے درہ آدم خیل جانے والی شاہراہ پر واقع ہے جہاں تین روز پہلے نماز ِجنازہ کے دوران خود کش حملے میں اڑتیس لوگ ہلاک ہو گئے تھے۔

فروری کے مہینے میں بڈھ بیر تھانے کے قریب ایک دھماکے میں دس افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ جنوری کے مہینے میں بڈھ بیر کے علاقے کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رشید خان کو کوہاٹ روڈ پر ایک دھماکے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔