مردان: فلموں کی دکانوں میں بم دھماکہ

فائل فوٹو، سی ڈیز شاپس
،تصویر کا کیپشنمردان میں اس سے پہلے بھی فلمیں فروخت کرنے والی دکانوں پر بم حملے ہو چکے ہیں

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر مردان کی ایک سی ڈی مارکیٹ میں ہونے والے بم دھماکے میں کم سے کم پانچ دکانیں تباہ ہو گئی ہیں۔

مردان پولیس کے ایک اہلکار لیاقت نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی صبح مردان شہر کے علاقے چاٹو چوک میں پیش آیا۔

انھوں نے بتایا کہ نامعلوم افراد کی طرف سے فلمیں اور سی ڈیز فروخت کرنے والی مارکیٹ میں گھریلو ساخت کا ایک بم نصب کیا گیا تھا۔

<link type="page"><caption> مردان: پانچ حملہ آور ہلاک، چار اہلکار زخمی </caption><url href="http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/2010/07/100720_mardan_army_centre_attack.shtml" platform="highweb"/></link>

پولیس اہلکار کے مطابق دھماکے میں کم از کم پانچ دکانیں تباہ ہو گئی ہیں جب کہ اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

واضح رہے کہ مردان میں اس سے پہلے بھی شدت پسند فلمیں فروخت کرنے والی دکانوں کو نشانہ بنا چکے ہیں تاہم پیر کو پیش آنے والا واقعہ کافی عرصے بعد پیش آیا ہے۔

اس کے علاوہ مردان میں نیٹو سپلائی کے ٹینکرز کو بھی نشانہ بنایا جا چکا ہے اور علاقے میں سکیورٹی فورسز شدت پسندوں کے خلاف کاررائیاں بھی کر چکی ہیں۔