صدر کے دو عہدے، سماعت کیلیے لارجر بینچ

سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سرمد جلال عثمانی نے صدر آصف زرداری کے بیک وقت دو عہدے رکھنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے لیے ایک لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔

اس مقدمے کی سماعت بدھ چوبیس نومبر کو ہوگی۔

ملک کے صدر اور حکمراں جماعت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمن کے دونوں عہدے بیک وقت رکھنے پر صدر آصف زرداری کے خلاف یہ درخواست گیارہ نومبر کو سندھ ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

کراچی سے نامہ نگار جعفر رضوی کے مطابق درخواست گزار رشید اخوند نے موقف اختیار کیا تھا کہ پاکستان کا آئین دونوں عہدے بیک وقت رکھنے کی اجازت نہیں دیتا۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت کے لیے آج ایک بڑا بینچ تشکیل دیا۔ اس تین رکنی بینچ کی سربراہ سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس مشیر عالم ہوں گے، جبکہ دیگر دو ارکان میں جسٹس گلزار احمد اور جسٹس مقبول باقر شامل ہیں۔

عدالتی ذرائع کے مطابق اس مقدمے کے لیے وفاق کے نمائندے کے طور پر اٹارنی جنرل پاکستان، اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا، چیئیرمن سینیٹ فاروق ایچ نائیک اور دیگر کو نوٹسز جاری کر دیےگئے ہیں۔