ڈرون حملہ: پانچ ہلاک دو زخمی

- مصنف, عزیز اللہ خان
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں حکام کے مطابق ایک مشکوک گاڑی پر امریکی جاسوس طیارے سے داغے جانے والے میزائلوں کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے ہیں۔
گزشتہ اڑتالیس گھنٹے کے دوران دتہ خیل نامی علاقے میں ڈرون طیاروں سے کیا جانے والا یہ دوسرا حملہ تھا۔
میرانشاہ میں ایک سرکاری اہلکار نے بی بی سی کو بتایا ہے ہے کہ سنیچر کی رات نو بجے میرانشاہ بازار سے پچیس کلومیٹر دور مغرب کی جانب افغان سرحد کے قریب دتہ خیل کے پہاڑی علاقے میں امریکی جاسوس طیاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ طیاروں سے دو میزائل گاڑی پر داغے گئے جس سےگاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی جب کہ ایک قریبی مکان کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
اہلکار کے مطابق ہلاک ہونے والے غیر ملکی جنگجو بتائے جاتے ہیں اور ان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ایک مقامی شخص کے ہاں مہمان تھے اور افطار کے بعد دتہ خیل سے میرانشاہ واپس جا رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ ہلاک ہونے والوں میں کوئی اہم شخصیت بھی شامل تھی یا نہیں۔
گزشتہ شام دتہ خیل ہی میں ڈرون طیاروں سے دو حملے کیے گئے تھے جن میں ایک مکان اور ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا اور ان حملوں کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے تھے۔



