دو عہدے: سماعت رکوانے کی کوشش

وفاقی حکومت نے صدر آصف علی زرداری کے دو عہدے رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت رکوانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

اس سلسلہ میں وفاقی حکومت کی جانب سے ان کے وکیل طالب ایچ رضوی نے لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں یہ استدعا کی گئی کہ صدر زرداری کے خلاف درخواستوں کی باقاعدہ شنوائی سے پہلے ان کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کا پانچ رکنی فل بنچ صدرآصف زرداری کے بیک وقت دو عہدے رکھنے کے بارے میں ایک ہی نوعیت مختلف درخواستوں پر سماعت کر رہا ہے اور یہ درخواستیں مقامی وکلا اے کے ڈوگر اور آصف محمود خان نے دائر کی ہیں۔

ہمارے نامہ نگار عبادالحق کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے وکیل طالب ایچ رضوی نے اپنی متقرق درخواست میں کہا کہ انہوں نے صدر زرداری کے ایک ہی وقت دو عہدے رکھنے کے خلاف دائر درخواستوں میں بارے میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں یہ استدعا کی گئی تھی ان درخواستوں پر باضابطہ کارروائی سے پہلے ان کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں فیصلہ کرلیا جائے لیکن ان کی اس متفرق درخواست پر ابھی کارروائی نہیں کی گئی جب کہ دو عہدے رکھنے کے بارے میں درخواستوں پر وکلا کے دلائل شروع ہوگئے ہیں۔

طالب رضوی کے مطابق وفاقی حکومت کی طرف جو متفرق درخواست دائر کی گئی ہے اس پر اکیس جون کو سماعت ہوگی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر لاہور ہائی کورٹ پانچ رکنی فل بنچ نے صدر آصف علی زرداری کے بیک وقت دو عہدے رکھنے کے معاملے پر درخواست گزار وکیل ہدایت کی تھی کہ وہ اکیس جون کو اپنے دلائل کے حق میں اخباری تراشوں سمیت وہ تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کریں جس سے یہ ثابت ہو کہ ایوان صدر اب وفاقی علامت نہیں رہا بلکہ سیاسی جماعت کی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے۔