کوئٹہ: ریلوے ٹریک پر دھماکہ

ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد ورفت کو دوگھنٹے میں بحال کردیا جاے گا بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ریلو ے ٹریک پر بم دھماکے کے نتیجے میں کوئٹہ سے لاہور جانے والی چلتن ایکسپریس کی دوبوگیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

کوئٹہ سے لاہور جانے والی چلتن ایکسپریس آج کوئٹہ ریلوے اسٹیشن سے روانگی کے بعد جب بیس کلومیٹر دور درخشان کے علاقے پہنچی تو نامعلوم افراد کی جانب سے ریلوے ٹریک پر نصب بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں چلتن ایکسپریس کی دوبوگیوں اور انجن کو معمولی نقصان پہنچا۔

خیال رہے کہ چلتن ایکسپریس میں تقریباً پانچ سو مسافر سوارتھے جو معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے لیکن تاحا ل کسی تنظیم نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق بم دھماکے کے بعد پولیس اور فرنٹیئر کور کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی ہے اور ریلوے کے عملے نے ریلوے ٹریک کی مرمت کا کام شروع کردیا ہے۔

کوئٹہ میں ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمد ورفت کو دوگھنٹے میں بحال کردیا جاے گا۔

دوسری جانب سریاب روڈ پر آج نامعلوم افراد نے پولیس کی ایک پولیس موبائل گاڑی پر فائرنگ کی جس میں ایک پولیس انسپکٹر عبدالوہاب ہلاک ہوگیا۔عبدالوہاب کی لاش سول ہسپتال لائی گئی جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹروں نے لاش ورثا کے حوالے کردی۔