کوئٹہ میں فائرنگ، تین ہلاک
- مصنف, ایوب ترین
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بدھ کو فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک سابق ایس پی سمیت تین افراد ہلاک جبکہ فرنٹیئر کور کے چار سپاہیوں سمیت پانچ زخمی ہوگئے ہیں۔
حکومت نے کوئٹہ میں حالات پر قابو پانے کے لیے فرنٹیئرکور کو طلب کر لیا ہے۔
فائرنگ کا پہلا واقعہ بروری کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے بلوچستان کانسٹیبلری کے سابق ایس پی ٹکان خان بلوچ کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
ٹکا خان بازار سے اپنےگھر کی طرف جا رہے تھے اور وہ فائرنگ سے موقع پر ہی ہلاک اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گیا۔اس حملے کے بعد نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل پرفرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اس واقعہ کے کچھ دیر بعد کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر نامعلوم افراد نے ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے ان واقعات کے بعد بروری کے مختلف مقامات پر نامعلوم افراد کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا جس پر قابو پانے کے لیے حکومت نے فرنٹیئرکور کو طلب کر لیا۔
فرنٹیئر کور کے علاقے میں پہنچنے کے بعد نامعلوم افراد نے ایف سی کی ایک گاڑی پر دستی بم سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں چار ایف سی اہلکار زخمی ہوگئے۔
کوئٹہ کے ڈی آئی جی آپریشن نے ہزارہ قبیلے کی افراد کی ہلاکت کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے جبکہ ان کا کہنا تھا کہ سابق ایس پی ٹکا خان کے قتل کی وجوہات جاننے کی کوشش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ان حملوں کے ذمہ دار افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔



